دادری،26/دسمبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سانگوان کی کھاپ پنچایت نے گاؤں میں کھلے میں شراب پینے پر پابندی لگا دی ہے، ساتھ ہی شادی یا پروگراموں میں فائرنگ پر بھی کھاپ نے روک لگائی ہے۔سانگوان کھاپ کا یہ فیصلہ پنچایت کے ان کے تحت آنے والے 40گاؤں پر لاگو ہوگا۔کھاپ نے رات کو تیز آواز میں ڈی جے بجانے پر بھی روک لگادی ہے۔یہ سبھی فیصلے 15/جنوری سے ان گاؤں میں لاگو ہوں گے،یہ فیصلے اتوار کو دادری کے گاؤں کھیڑی بورا میں واقع سانگو دھام پر منعقد ضلع کی سب سے بڑی کھاپ سانگوان چالیس کی پنچایت میں لئے گئے ہیں۔انگریزی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘میں شائع ہوئی ایک خبر کے مطابق، پنچایت نے آبکاری محکمہ کو ان گاؤں میں شراب کے نئے ٹھیکے نہ کھولنے کے لیے خط بھی لکھا ہے۔سانگوان کھاپ کے سربراہ جوروار سنگھ سانگوان نے کہا کہ ہم ہر کسی کے گھر میں جا کر تو یہ نہیں دیکھا ہے کہ کون شراب پیتا ہے؟اسی وجہ سے ہم نے کھلے میں شراب پینے پر روک لگانے کا فیصلہ لیا ہے، جس کے ذریعہ نو جوانوں کو نشے سے دور رکھنے کی پہل کی جا رہی ہے۔پنچایت نے ان فیصلے کو صحیح طریقے سے لاگو کرنے کے لیے تمام پنچایتوں میں کمیٹی بھی بنائی ہے، جو اس کو نافذ کروائے گی۔پروگراموں اور شادیوں میں فائرنگ کی وجہ سے کئی لوگوں کی موت ہونے کے معاملات سامنے آئے تھے، جس کی وجہ سے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔وہیں تمام گاؤں والوں سے ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘کی مہم میں تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔پنچایت میں ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ، بیٹی کھلاؤ‘کا نعرہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ دادری ضلع کی بیٹیاں ہر میدان میں ملک کا نام روشن کر رہی ہیں، اپنے موثرکن کھیل کارکردگی کے ذریعے پوری دنیا میں ان کا ڈنکا بج رہا ہے، ایسے میں بیٹیوں کو بھی پڑھنے اور کھیلنے کا پورا موقع دیا جانا چاہیے۔